اسلام آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نکاح پر تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں.
سربراہ تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر اپنی تیسری شادی کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے ایک ایک فرد کا شکریہ ادا کیا ہے، عمران خان کا عقد ثلاثہ گزشتہ روز ایک سادہ اور مختصر سی تقریب میں پاکپتن کی روحانی شخصیت بشریٰ بی بی کے ساتھ منعقد ہوا تھا جس میں دونوں جانب سے مخصوص افراد نے شرکت کی تھی.
اپنے تہنیتی بیان کے ساتھ ہی عمران خان نے معمول کی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور کل سے باقاعدہ پی ٹی آئی کے اجلاسوں اور انتظامی معاملات میں اپنا کردار نبھانا شروع کریں گے جب کہ اُن کی تیسری اہلیہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی زندگی کے بجائے چیئرمین پی ٹی آئی کی گھریلو ذمہ داریوں میں ہاتھ بٹائیں گی اور زیادہ تر ان کا قیام بنی گالہ میں ہی رہے گا.
یہ بھی پڑھیں : عمران خان تیسری بار رشتہ ازدواج سے منسلک
دوسری جانب جہاں ماہر نجوم عمران خان کی تیسری شادی کو ان کے سیاسی کیریر کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں وہیں سیاسی تجزیہ نگاروں نے عمران خان کی سیاسی سرگرمیوں میں یک سوئی اور کسی منفی پروپیگنڈے کے باعث مشکلات سے بچنے کے لیے شادی کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے شادی کو آئندہ انتخابات کے لیے مثبت امر گردانا ہے.