خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہو گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہیں۔ مریم نواز بانی پی ٹی آئی بننے کی ناکام کوشش کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کے بجائے لندن منتقل ہو رہا ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں عوام کا پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں کے پی قرض اتارنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو لیڈر سر درد کے علاج کے لیے بھی لندن جاتا ہو تو وہ عوام کے لیے کیا کرے گا؟
واضح رہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز سرگودھا یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ آپ مکافات عمل بھگت رہے ہیں، یہ کیسی سیاست ہے فوجی اگر ساتھ ہیں تو بہت اچھے اگر ساتھ نہیں تو انہیں گولیاں مار کر شہید کردو اور وردیوں کو ڈنڈوں پر ٹانگ دو۔