اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاکپتن کی معروف روحانی شخصیت بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کرلی ہے.
تفصیلات کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے آج لاہور میں پڑھایا جس میں کپتان کی جانب سے قریبی رشتہ دار اور ساتھیوں عون چوہدری اور زلفی بخاری نے جب کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے بھی کچھ عزیز و اقارب نے شرکت کی.
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان نکاح آج مختصر اور سادہ سی تقریب میں ہوا جس میں دونوں جانب سے مخصوص رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
تحریک انصاف کے ذرائع کی جانب سے نکاح کی تصاویر جاری کردی گئیں ہیں جس میں عمران خان کو سفید رنگ کے شلوار قمیض اور کالے کوٹ میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی جو اب بشریٰ عمران خان ہو چکی ہے نے مکمل اسلامی پردہ کیا ہوا ہے اور حجاب سے چہرہ ڈھانپا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ یہ 65 سالہ عمران خان کی تیسری شادی ہے ان کی پہلی شادی جمائما گولڈ اسمتھ سے 16مئی 1995 کو ہوئی جس سے اُن کے دو بچے سلیمان اور قاسم ہیں یہ شادی نو سال بعد 22 جون 2004 کو ختم ہوئی جس کے بعد عمران خان نے دوسری شادی صحافی ریحام خان سے جنوری 2015 میں کی تاہم یہ شادی ایک سال بھی نہ چل سکی۔
پاکپتن کی معروف روحانی شخصیت 48 سالہ بشریٰ مانیکا کی بھی یہ دوسری شادی ہے ان کی پہلی شادی کسٹم آفیسر خاور مانیکا سے ہوئی تھی جس سے ان کے دو بیٹے ابراہیم مانیکا، موسیٰ مانیکا اور تین بیٹیاں ہیں، بشریٰ مانیکا جن کا تعلق معروف وٹو گھرانے سے ہے اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں اور خاور فرید مانیکا سے شادی کے بعد روحانیت میں دلچسپی لینا شروع کی اور جلد پورے علاقے میں ایک روحانی شخصیت کے طور شہرت حاصل کی۔
بشریٰ مانیکا نے چند ماہ قبل اپنے شوہر خاور فرید مانیکا سے خلع لے لی تھی جس کے بعد سے ان کی شادی خبریں گردش کرتی رہی ہیں تاہم تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو خلع کے بعد شادی کا پیغام بھیجا ہے اور ابھی جواب کے منتظر ہیں اس لیے شادی کی خبریں پھیلانے والے جھوٹ سے کام لے رہے ہیں۔
عمران خان اپنے سیاسی زندگی کے مشکل دور سے گزرے تو روحانیت کے ذریعے رہنمائی حاصل کرنا چاہی جس کے لیے مشترکہ دوست نے بشریٰ مانیکا اور خاور مانیکا سے ملاقات کرائی جس کے بعد کپتان اپنی زندگی اور اہم سیاسی امور سے متعلق مشکل فیصلوں پر بشریٰ مانیکا سے روحانی رہنمائی لیا کرتے تھے۔
کپتان کی تیسری شادی کی خبر نے اُن کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے جب کی سیاسی حریفوں کی جانب سے بھی مبارک بادوں کا تانتا بندھا ہوا ہے دوسری جانب تحریک انصاف کی قیادت نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے پھول اور تحائف بھیجوائے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے.
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات قریب ہیں ان حالات میں تحریک انصاف یا عمران خان کے لیے کوئی بھی اسکینڈل مشکل کھڑا کر سکتا تھا اور ان کی تیسری شادی کی خبریں چند ماہ سے زور پکڑ گئی تھیں تاہم اب نکاح ہوجانے کے بعد تمام منفی باتیں دم توڑ دیں گی اور خان صاحب بھی یکسوئی کے ساتھ سیاست میں حصہ لیں گے جو تحریک انصاف کے لیے مثبت بات ہے.