راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو مذاکرات کی اجازت دے دی اور کہا اس سے اچھی بات کیا ہوسکتی ہے مذاکرات سے مسئلہ حل ہو۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ڈیڑھ گھنٹے ملاقات کی، ملاقات میں چوبیس نومبر کے احتجاج سمیت دیگرامور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کانفرنس روم میں ہونے والی دونوں شخصیات کی اہم ملاقات کی وجہ سے عدالتی کارروائی بھی متاثرہوئی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عمران خان سے ایپکس کمیٹی اجلاس، چوبیس نومبر کے احتجاج اور دیگر امور پر بات کی اور ملاقات ختم ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور میڈیا سے کوئی بات کیے بغیر اڈیالہ جیل سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
عمران خان اور وزیراعلیٰ کے پی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کا احوال سامنے آگیا ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو مذاکرات کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ علی امین اوربیرسٹر گوہر اجازت لینے آئے تھے کہ رابطہ ہوتوکیامذاکرات کیے جائیں، جس پر ملاقات میں اتفاق ہوا کہ اس سے اچھی بات کیا ہوسکتی ہے مذاکرات سےمسئلہ حل ہو۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اس سے پہلے پارٹی قیادت کو مذاکرات سے منع کر رکھا تھا۔