ہری پور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی آچکی ہے پرانے طرز کی سیاست کرنیوالے ناکام ہوچکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں انتخابی جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے قصور واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصور اسکینڈل میں سیاستدان اور پولیس دونوں ملوث ہیں۔
ملزموں کو سزا دلوانے کیلئے اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب میں گاؤں کے لوگوں کو اختیارات نہیں دیئے گئے۔
خطاب کے دوران عوام کی جانب سے ڈیزل ڈیزل کے نعروں پر کپتان نے کہا کہ وہ اسمبلی میں ڈیزل کی قیمت پر بات کریں گے۔
کپتان نے کہا کہ اصغر خان کا کیس پچیس سال سے عدالتوں میں ہے، کے پی کے بلدیاتی الیکشن پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بدنظمی ہوئی تو دوبارہ الیکشن کرالو۔ کپتان کاکہنا تھا کہ نوجوانوں کو نئےپاکستان کےلئےجدوجہد کرنی ہوگی۔
پرانا طرز سیاست ناکام ہو چکا ہے، لوگ اپنے حقوق کو سمجھ چکے ہیں۔ تبدیلی صرف باتوں سے نہیں بلکہ نظام بدلنے سے آتی ہے۔ ہری پور میں نئے اور پرانے نظام کا مقابلہ ہے۔ پرانے پاکستان میں صرف ایک چھوٹا طبقہ ہی امیر ہوتا جارہا ہے۔