راولپنڈی : وزیراعظم عمران خان نے ہولی فیملی اسپتال اور "پناہ گاہ” کا ہنگامی دورہ کیا اور اسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے کر وزیر صحت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابقوزیراعظم عمران خان راولپنڈی میں اچانک ہولی فیملی اسپتال پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا، وفاقی وزیر صحت، افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نےاسپتال میں علاج معالجے کے معیار، صفائی کی مجموعی صورتحال اور ادویات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔
وزیراعظم ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں بھی گئے اور مریضوں کی خیریت اور سہولیات سے متعلق دریافت کیا ۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ امراض کی تشخیص ،علاج ،انتہائی نگہداشت کے شعبے کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔
انہوں نے وفاقی وزیر صحت سے ہولی فیملی اسپتال سے متعلق مفصل رپورٹ طلب کرلی، عامرکیانی کل شام تک اسپتال سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں قائم "پناہ گاہ” کا بھی دورہ کیا، وزیراعظم نے بےگھر افراد کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے پناہ گاہ کے بہترین انتظام وانصرام پر وزیر صحت عامر کیانی اور انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سخت سردی کے موسم میں خلق خدا کیلئے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی عظیم خدمت ہے، چھت سےمحروم افرادکیلئےسہولتوں کا بندوبست لائق تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پسے ہوئے محروم انسانوں کی نگہداشت معاشرے کی ذمہ داری ہے، شہریوں کاانسانیت کی خدمت کیلئےآگےبڑھنا نہایت حوصلہ افزا ہے۔