لاہور : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 120 کے ووٹرز پر ملکی تقدیر بدلنے کی بھاری ذمہ داری ہے یہ تاریخ ساز الیکشن ہیں جس میں قوم عدالت سے ثابت کردہ چور کو منتخب کرنے کے بجائے شفاف سیاست کی حامل ڈاکٹر یاسمین راشد کو ووٹ دیں گے۔
وہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے 120 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کی انتخابی مہم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے اس الیکشن پر سارا دن تیاری کی ہے ہم آخری گیند تک ان کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے پاکستان کا پیسہ چوری کر کے باہرمنتقل کیا گیا سپریم کورٹ میں ان کی چوری ثابت ہوچکی ہے اور اب عدالتی فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دینے کا مطلب آپ پاکستان کے ساتھ نہیں کھڑے ہیں اور عوام کو فیصلہ کرنا ہے آپ کو کس طرح کا پاکستان چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے کرپشن کرکے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں اور وزیراعظم ہوتے ہوئے لندن کے فلیٹس خریدے جس کی منی ٹریل ثابت ہوئی اور نہ اس بات کے شواہد دے سکے کہ اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟ تو میں جواب دیتا ہوں کہ اس لیے نکالا کیوں کہ آپ نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں، بیرون ملک پیسہ منتقل کیا، منی ٹریل نہیں،عدالت میں جعلی کاغذات پیش کیے اور الیکشن کمیشن سے بھی جھوٹ بولا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، تحریک انصاف اور عوام عدالتوں کے ساتھ کھڑی ہے جب کہ نوازشریف سپریم کورٹ کے خلاف غلط زبان استعمال کررہے ہیں اور اداروں پر حملے کر کے انہیں تباہ کرنا چاہتا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔