اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے الیکشن میں بیرونی قوتیں مداخلت کرتی ہیں، نوازشریف نے اپنے غلاموں کو عہدے تقسیم کیے اسی وجہ سے ملک ترقی نہ کرسکا، پاناما کیس کا فیصلہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا، اس کیس میں نواز شریف ڈیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اے آر وائی کے پروگرام پاور پلے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انصاف کا مطلب قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا جاتا ہے اور اور نااہل لوگوں کو اعلیٰ سرکاری عہدے دیے جاتے ہیں، اسحاق ڈار نے تحریری اعتراف کیا کہ نوازشریف منی لانڈرنگ کرتے رہے ہیں مگر بڑے مگرمچھوں کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ورلڈکپ میں دوست، رشتے داروں کو نوازتا تو ملک کو کبھی ورلڈ کپ نہیں ملتا، ہم نے میرٹ پر اہل لوگوں کو نوکریاں دیں یہی وجہ ہے کہ آج خیبرپختونخواہ کے محکموں میں مثالی تبدیلی آئی جسے ساری دنیا خود تسلیم کررہی ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے قوم غریب اور ایک طبقہ امیر ہورہا ہے، ملک کو ترقی دینی ہے تو منی ٹریل نہ دینے والوں کے اثاثے منجمد کیے جائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت قرضے معاف کروانے سے تباہ ہوگئی، طاقت ور افراد کے معاملے پر بنائے جانے والے کمیشن کی تمام رپوٹس کو دبا دیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں طاقتور آدمی بلا خوف و خطر کچھ بھی کرلیتا ہے، سب کے لیے یکساں قانون ہونا ملک کے لیے المیہ ہے۔
پاناما کیس پر پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’’پاناما کا فیصلہ اس ہفتے آجائے گا، نوازشریف اور اُن کا خاندان اپنی کرپشن چھپانے کی ناکام کوشش کررہا ہے ، وزیر اعظم نے پاناما سے توجہ ہٹانے کے لیے سرتوڑ کوشش کیں مگر وہ ناکام رہے یہی وجہ ہے کہ اب وہ اپنی بچت کا راستہ نکالنے کے لیے ہر قسم کی ڈیل کرنے کو تیار ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پاناما کیس میں جو بھی فیصلہ آئے گا اُس سے ملک کی تاریخ بدل جائے گی، اگر حکومت الیکشن کروانا چاہتی ہے تو اُس کے لیے ہم تیاری مکمل ہے۔