پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں پاکستانی عوام کے ساتھ کبھی بےوفائی نہیں کروں گا، کرپٹ سیاسی مافیا حالیہ اقتصادی بحران سے حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں خیبرپختونخوا کی کابینہ اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی کرپٹ سیاسی مافیا سے نجات سے ہی ممکن ہوگی۔
کرپٹ سیاسی مافیا حالیہ اقتصادی بحران سے حکومت کو بلیک میل کرناچاہتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہم نے سب سے اچھا معاہدہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں سخت شرائط نہیں، میں پاکستانی عوام کے ساتھ کبھی بےوفائی نہیں کرونگا، انہوں نے کہا کہ ملک میں عارضی معاشی بحران ہے۔
جب ہم اقتدار میں آئے تو فارن ایکسچینج دو ہفتے کی امپورٹ کیلئے رہ گئے تھے، دوست ممالک ہماری مد د نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا۔ چین کے ساتھ معاہدے سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ ٹولے کے اکٹھے ہونے پر حیرت نہیں ہے، بلاول بھٹو اور مریم نواز ایک دوسرے پر کرپٹ ہونے کا الزام لگاتے تھکتے نہیں تھے اور اب وہ دونوں افطاری پر اکٹھے ہورہے ہیں، اپوزیشن نے شروع دن سے پی ٹی آئی حکومت کو تسلیم نہیں کیا، میں بہت جلد عوام سے خطاب کروں گا۔