اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ذاتی گھروں کا حصول ممکن بنائیں گے، اس سلسلے میں بینکوں کو عوامی قرضہ جات کی فراہمی کیلئے مراعات دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا جائزہ لیا گیا اور ہاؤسنگ پروگرام کے لئے کمرشل بینکوں کی جانب سے فنانسنگ پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسد عمر، پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان، معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی افتخار درانی، گورنر اسٹیٹ بنک طارق باجوہ و دیگر موجود تھے۔
اجلاس میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے ہاؤسنگ فنانسنگ کے لئے بینکوں کو مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا، حکومت کے اس قدام سے کم آمدنی والے افراد کو بینکوں کی جانب سے آسان قرضوں کی سہولت مل سکے گی۔
فیصلہ کے مطابق کم آمدنی والے افراد نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے استفادہ کر سکیں گے، وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک کی بینکوں کو مراعات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ذاتی گھروں کا حصول ممکن بنائیں گے، ذاتی گھر کے خواب کو ممکن بنانے کیلئے درخواست گزاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ50لاکھ گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ سے معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، وزیراعظم نے رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی قوانین کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔