پشاور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت اور عدلیہ کوبچانے کیلئے عوام کوسڑکوں پرلاؤں گا، جتنا صفائی پیش کرنے کا موقع نوازشریف کو ملا اتنا کسی کو نہیں ملا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے بہت پیسہ چل رہا ہے، انہیں ڈر ہے کہ نوازشریف کیخلاف فیصلہ آنےوالاہے، امید ہے سینیٹ الیکشن میں ہمارے امیدوار نہیں بکیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سپریم کورٹ کیخلاف پارلیمنٹ کو استعمال کررہاہے، جتنا صفائی پیش کرنے کا موقع نوازشریف کو ملا اتنا کسی کو نہیں ملا، سپریم کورٹ نے نوازشریف کو کئی مواقع دیئے، نوازشریف عدلیہ مخالف بیانات دے کر توہین عدالت کررہا ہے۔
سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ جمہوریت اور عدلیہ کوبچانے کیلئے عوام کوسڑکوں پرلاؤں گا، سارے ایم پی ایزساتھ ہیں،امیدہےسینیٹ میں 6سیٹیں لیں گے، پی ٹی آئی حکومت آئی تو کرپشن سے بچنے کیلئےسینیٹ الیکشن براہ راست کرائیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ 1997میں نوازشریف اور ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، مافیا کی طرح نوازشریف نے پیسے دے کر کوئٹہ بینچ ججز سے فیصلہ لیا تھا ، نوازشریف کو 300ارب روپے کے جواب دینے ہیں۔
مزید پڑھیں : عمران خان نے ارباب نیاز اسٹیڈیم توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ارباب نیاز اسٹیڈیم توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ اکیڈمی بن رہی ہے، اسکول بوائز کی بھی تربیت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پختونخواہ میں 100 گراؤنڈز بنا چکے ہیں۔ 20 کروڑ عوام کے لیے آسٹریلیا سے بھی کم گراؤنڈ ہیں۔ ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے مزید گراؤنڈز بنانے ہوں گے۔