بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

عمران بزنجو ملاقات: پی ٹی آئی نے اپنی 13 سینیٹ نشستیں بلوچستان کو دینے کا اعلان کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو سے اہم ملاقات کی جس کے بعد پی ٹی آئی کی 13 سینیٹ نشستیں بلوچستان کو دینے کو اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے آج اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو سے ملاقات کی اس دوران دونوں رہنماؤں نے سینیٹ چیئرمین بلوچستان سے لانے پر اتفاق کیا جس کے بعد عمران خان نے اپنی تیرہ سینیٹ کی نشستیں وزیر اعلیٰ کے حوالے کرنے کا اعلان کر دیا۔

ن لیگ کا چیئرمین سینیٹ نہیں بننے دیں گے‘ عمران خان

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے آئے، عبد القدوس بزنجو کے پاس اب پیپلز پارٹی سے زیادہ نشستیں ہوچکی ہیں اب ان نشستوں پر حق جتانا ان کا کام ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ (ن) سے نہ بنے، یہ جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹنے والے لوگ ہیں، اسی لیے اپنی سینیٹ نشستیں بلوچستان کے حوالے کر رہے ہیں، اس صوبے کے لوگ احساس محرومی کا شکا ہیں، اب تک بلوچستان کو اس کے جائز حقوق نہیں ملے۔

سینیٹ انتخابات: ن لیگ کے حمایت یافتہ 15، پیپلزپارٹی کے 12، پی ٹی آئی کے 6 امیدوار کامیاب

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے سینیٹرز کی نشستیں ہمیں دیں، آصف زرداری کو بھی بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ منتخب کرنے سے متعلق قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے سینیٹ انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے تمام جماعتیں آپس میں ملاقات اور جوڑ توڑ کی کوشش کر رہے ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں