نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں آج وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں انھوں نے بورس جانسن کو کشمیر پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کو ممکن بنایا جائے۔
تازہ ترین: عمران خان اور امریکی صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس کا احوال
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو سمیت تمام پابندیاں اٹھانے پر زور دیا۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ اس صورت حال سے آگاہ ہے اور خود کو آیندہ بھی آگاہ رکھے گا۔ دریں اثنا، دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں برطانوی شاہی جوڑے کے دورۂ پاکستان پر بھی بات ہوئی، علاوہ ازیں دو طرفہ معاملات، ایران سے تناؤ اور افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔
قبل ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم خطے کو جنگ کی آگ سے بچانے کے لیے امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں، ٹرمپ ثالثی کی پیش کش کرتے ہیں، اور بھارت فرار ہوتا ہے۔
امریکی صدر نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سربراہان 3 دنوں میں ملنا چاہتے ہیں لیکن میں عمران خان سے ملنا چاہتا تھا، میں عمران خان پر بہت اعتماد کرتا ہوں وہ بہترین وزیر اعظم ہیں۔