اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے پیچیدہ طریقہ کار کو ختم کیا جا رہا ہے۔ حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے ملائیشیا کے سابق وزیر اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ڈیلیوری یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ادریس جالہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب بھی موجود تھے جبکہ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر اور سینئر حکام بھی شامل تھے۔
ملاقات میں حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر عملدر آمد اور کامیاب نتائج کے لیے تجاویز پیش کی گئیں جبکہ برآمدات، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جامع منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے، سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے پیچیدہ طریقہ کار کو ختم کیا جا رہا ہے۔ حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔ نجی شراکت داری کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی و معاشی منصوبہ بندی کے لیے ادریس جالہ سے مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کو ادریس جالہ کے ساتھ ملاقاتوں کی ہدایت کردی۔