اسلام آباد : اسلام آبادہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ریفرنس کی کاروائی روکنے کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا گیا، جسٹس عامر فاروق کا کہنا ہے کہ درخواست پر آئین کےتحت فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کیخلاف ریفرنس کی سماعت روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ آرٹیکل تریسٹھ تین کے تحت ریفرنس پانچ ستمبر کو الیکشن کمیشن کو منتقل کیا گیا۔
مؤقف میں مزید کہا گیا ہے کہ دس اکتوبر کو پہلی سماعت ہوئی، اسپیکر کو تیس دن میں ریفرنس کا فیصلہ کرنے کا اختیار ہے، نوے دن میں الیکشن کمیشن ریفرنس پر فیصلہ کرنیکا پابند ہے، الیکشن کمیشن کا اختیار ختم ہوگیا، ریفرنس کی سماعت غیر آئینی ہے۔
سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ عمران خان کی درخواست قابل سماعت نہیں۔
جسٹس عامرفاروق نے فریقین کو سُننے کے بعدریمارکس میں کہا کہ آئین کے تحت درخواست پر فیصلہ کریں گے، عدالت نے الیکشن کمیشن کے اختیار پر سرکاری وکیل سے تحریری جواب مانگتے ہوئے سماعت سترہ فروری تک ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر
یاد رہے گذشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن کو ریفرنس کی سماعت روکنے کا حکم دے، عمران کی جانب سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے درخواست دائر کی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا تھا کہ نااہلی ریفرنس زائد المیعاد ہونے سے الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن 90 روز میں ریفرنس کے فیصلے کا پابند ہے۔