کہوٹہ : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے دیگر چوروں کو بھی ملک لوٹنے کا موقع دیا، ملک میں غربت بڑھتی جا رہی ہے، میں آئندہ ہفتے نیا پاکستان بنتے دیکھ رہا ہوں۔
؎ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہوٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان تب بنے گا جب چور قانون کے نیچے آئیں گے، جب نیا پاکستان بنے گا تو آپ اسلام آباد آئیں ہم سب مل کر جشن منائیں گے۔
اس سے قبل عمران خان کا جلسہ گاہ پہنچنے پر کارکنان اور عوام کی جانب سے بھرپور استقبال کیا گیا، کارکنان نے خیر مقدمی نعروں کے ساتھ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جھوٹا ہوتا ہے تو سارے ملک کا نظام تباہ کردیتا ہے، نوازشریف کا 30سال سے احتساب نہیں ہوا، وزیر اعظم نے ملکی اداروں کو تباہ کیااورانصاف کو خریدا، نوازشریف نے انصاف کے اداروں کو چوری کرنے کیلئے تباہ کیا۔
عمران خان نے نعرے بھی لگائے
عمران خان کی تقریر کے دوران کارکنان نے گو نواز گو کے نعرے بلند کیے، جس پر عمران خان نے نعرہ تبدیل کردیا، انہوں نے نعرہ لگایا کہ گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہمیشہ ڈاکوؤں سے مک مکا کیا اور اپنے ساتھ ساتھ دیگر چوروں کو بھی ملک لوٹنے کا موقع دیا، ادارے تباہ ہوجائیں تو ملک بھی تباہ ہوجاتا ہے، آج ہمارے ملک میں سب اہم مسئلہ کرپشن کا ہے۔
کرپشن کے باعث سرمایہ کاری نہیں ہوتی ،نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ملتیں، ملک سے ایک ہزار ارب روپے بیرون ملک بھیج دیا جاتا ہے۔
حکمران جھوٹا ہوتا ہے تو سارے ملک کا نظام تباہ کردیتا ہے، آج بنگلا دیش بھی پاکستان سے آگے نکل گیا ہے، پاکستان ایک مقروض ملک ہے غربت بڑھ رہی ہے، ایک چھوٹا سا طبقہ ملک میں امیر سے امیر تر ہوتا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر ٹیکس لگایا جاتا ہے، ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے محروم ہیں اور بیروزگاری بھی بڑھ رہی ہے، یہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں کی جاتی۔
مزید پڑھیں: نوازشریف30سال سےاحتساب کےعمل سےبھاگ رہےتھے، اب پکڑے جا چکے ہیں، عمران خان
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگلا ہفتہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم ہے، انشا اللہ آئندہ ہفتے فیصلہ ہوگا کہ یہ ڈاکوؤں کا پاکستان ہوگا یا نیا پاکستان بنے گا، جےآئی ٹی نے جو کام کیا قوم آپ کو کبھی نہیں بھولے گی، ہم جےآئی ٹی ممبرز کے ساتھ کھڑے ہیں، جےآئی ٹی ممبرز کو پورے پاکستان کی طرف سے سلام پیش کرتاہوں۔