پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

کراچی: ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: عام انتخابات 2018 کی آمد کے پیش نظر پیپلزپارٹی، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک انصاف کے چیئرمینز نے شہر قائد کے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات پر اعتراض لگا کر انہیں 12 جون کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شہر قائد کے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرانا شروع کردیے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کاغذات جمع کرانے سٹی کورٹ پہنچے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی سٹی کورٹ پہنچے تو ہاتھوں میں پارٹی پرچم تھامے جیالوں نے بلاول بھٹو کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر خوب نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اُن کا استقبال کیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے لیاری کے حلقے این اے 246 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اسی اثناء مصطفیٰ کمال بھی فارم جمع کرانے سٹی کورٹ پہنچے تو جیالوں نے انہیں گھیر لیا اور چیئرمین کے حق میں نعرے لگائے۔

مصطفیٰ کمال نے قومی اسمبلی کے حلقے 247 جنوبی اور این اے 253 وسطی اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 127 اور پی ایس 124 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سےکراچی کے دوحلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے عمران اسماعیل،عارف علوی،خرم شیر زمان سٹی کورٹ پہنچے۔

ریٹرننگ افسر نے کپتان کے کاغذات تصدیق شدہ نہ ہونے کے باعث اعتراض لگاتے ہوئے انہیں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 12 جون کو طلب کرلیا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں