21.7 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

بات چیت مخالفین سے ہوتی ہے دوستوں سے نہیں، بانی پی ٹی آئی

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ بات چیت مخالفین سے ہوتی ہے دوستوں سے نہیں۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے 3 نام ڈیل کیلیے نہیں بلکہ بات چیت کیلیے تجویز کیے ہیں، کسی بھی ریٹائرڈ جنرل کو بات چیت کا ٹاسک نہیں دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 3 جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کریں گے، ڈیل وہ کرتا ہے جسے ملک سے باہر جانا ہوتا ہے جیسے آصف علی زرداری اور نواز شریف گئے، ڈیل جیل سے بچنے کیلیے کی جاتی ہے۔

- Advertisement -

مذاکرات کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 18 ماہ سے کہہ رہا ہوں گفتگو کیلیے تیار ہوں سیاست میں ہمیشہ بات ہوتی ہے لیکن میرے خلاف توشہ خانہ کا یہ نیا کیس لے کر آ رہے ہیں، توشہ خانہ پر یہ چوتھا کیس کر رہے ہیں جو بھی کیس بنانا ہے ایک بار بنا لیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے بے نامی اکاؤنٹس اور نواز شریف کے ایون فیلڈ کے ریفرنس معاف ہوگئے، ججز سے درخواست ہے کہ وہ ہمارے کیسز کے فیصلے کریں، سائفر کیس کی سماعت کو طول دیا جا رہا ہے جو بھی فیصلہ کرنا ہے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدت کیس میں بھی ڈرامے کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ کے اوائل میں بانی پی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ مجھے توڑنے کیلیے بشریٰ بی بی (سابق خاتون اوّل) کو سزا دلوائی گئی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گراف جولری سیٹ کی مالیت 3 ارب ظاہر کر کے ہمیں سزا دی گئی، ہم نے گراف جولری سیٹ کی مزید 3 جگہ سے کوٹیشن لے لی ہے، کوٹیشنز کے مطابق گراف جولری سیٹ کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ بنتی ہے، آصف علی زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لی ان کا کیس کیوں نہیں سنا جا رہا؟

’ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ہماری پارٹی کے وہی لوگ بشریٰ بی بی پر بھی الزام لگا رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ریفرنس بنانے پر چیئرمین نیب اور انعام شاہ کے خلاف کیس کروں گا۔ سابق خاتون اوّل کو مبینہ طور پر زہر دیے جانے پر سابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ جب تک بشریٰ بی بی کی اینڈواسکوپی نہیں ہوتی کیسے کچھ پتا چل سکتا ہے، کوئی ٹیسٹ کیے بغیر کیسے پتا چل سکتا ہے کہ کھانے میں کیا ملاوٹ کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں