پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بھارت نے حریت پسند کشمیری نوجوان کو شہید کرکے منفی سوچ کا ثبوت دیا، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور حریت پسند نوجوان سبزار احمد کو بربریت کا نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں قابض بھارتی فوج کشمیریوں پر پیلٹ گن چلا رہی ہے۔

سربراہ تحریک انصاف نے بھارتی فوج کے ہاتھوں حریت پسند نوجوان سبزاراحمد کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی نئی لہر ریاستی دہشت گردی ہے اورعالمی برادری کو کشمیری عوام کے خلاف بھارتی جبر کا نوٹس لینا چاہیے۔

اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قابض فوج سرینگرمیں مظاہرین پر پیلٹ گن چلارہی ہے اور دوسری جانب ظالم افواج کی جانب سے میڈیا کی آواز کو خاموش کرایا گیا جب کہ بدقسمتی سےعالمی سیاست میں بھارت کوظلم ڈھانے کی اجازت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کثیرتعداد میں بھارتی فوج تعینات ہے جو مسلسل انسانیت سوز ظلم ڈھا رہی ہے لیکن حکومت پاکستان اپنے کشمیریوں بھائیوں کا مسئلہ عالمی سطح پرصحیح طریقے سے اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کی سربراہی میں قائم کشمیر کمیٹی بھی ناکام ہو چکی ہے جس پرکشمیرکمیٹی کا بھی احتساب ہونا چاہے کہ اب تک کشمیر کے لیے کیا کر سکی ہے؟

سربراہ تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بھارت سے نوازشریف کے ذاتی تعلقات کشمیر کازکونقصان پہنچا رہے ہیں جس کانتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ بھارت نہتے اور معصوم کشمیریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز معروف شہید کشمیری رہنما برہان وانی کے قریبی رفیق ساتھی سبزاراحمد کو بھارتی فوج نے اپنی بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کردیا جس کی اطلاع پورے کشمیر میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور پورا کشمیر سراپا احتجاج بن گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں