اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا نامزد کردہ امیدوار اسپیکر کے انتخاب میں 180 سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب رہے گا.
تفصیلات کے مطابق کپتان اسپیکر کے انتخاب میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں، اس ضمن میں پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کو خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے.
آج عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقاتیں ہوئیں. جہانگیرترین، اسدعمر،نعیم الحق، عمران اسماعیل اور علی زیدی بنی گالا میں کپتان سے ملے.
ان ملاقاتوں میں اسپیکراورڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے انتخاب اور حکومت سازی پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر عمران خان نے جہانگیرترین کو اتحادیوں اورآزاد ارکان سے رابطوں کی ہدایت کی.
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب، چار امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع
عمران خان نے تمام ارکان کو اسمبلی میں 100 فی صد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پی ٹی آئی کا امیدوار 180سے زائدووٹ لینے میں کامیاب رہے گا.
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست بہ روز بدھ ہوگا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے خورشید شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔