اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام عالمی برادری کے انصاف کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے دن پرپیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ناانصافی اور جبر کے خلاف امید کی کرن ہے مگر کئی ممالک میں یو این کے چارٹر کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں، مقبوضہ کشمیر کےعوام منتظر ہیں عالمی برادری اپنا وعدہ پورا کرے اورکشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لئےفعال کردار اداکر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر عمل درآمد نہ ہونا سب سے پرانا مسئلہ ہے۔
اقوام متحدہ کا قیام
یاد رہے کہ امریکا کے شہر سان فرانسسکو میں 25 اپریل 1945 سے 26 جون تک پچاس ملکوں کے نمائندوں کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں بین الاقوامی ادارے کے قیام پر غور کیا گیا تھا۔
بعد ازاں ادارے کو اقوام متحدہ کا نام دیا گیا جس کا منشور بھی مرتب کیا گیا اور پھر 24 اکتوبر 1945 کو ادارے کے قیام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ اقوام متحدہ یا United Nations Organization کا نام امریکا کے سابق صدر فرین کلن ڈی روز ویلٹ نے تجویز کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے قیام کے مقاصد
دنیا بھر میں آنے والی نسلوں کو جنگ کی لعنت سے بچانا، انسانوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی اور قدر و منزلت کو قائم رکھنا، مرد عورت کو برابری کی سطح پر حق دینا، چھوٹی بڑی اقوام میں یکساں حقوق تقسیم کرنا وغیرہ شامل ہیں۔