پشاور : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عاطف خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے کرپٹ وزرا کو فارغ کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عاطف خان نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی نے ہدایت دی ہے صوبے میں کرپشن کی تحقیقات کی جائے، جو وزرا کرپشن میں ملوث ہیں انہیں فارغ کیا جائے۔
سینئر رہنما نے پارٹی کے بانی سے ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی تبدیلی کے حوالے سے بات چیت کی تردید کی۔
انھوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران صوبائی صدارت کے لیے رائے مانگی تو جنید اکبرکا نام تجویزکیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پارٹی کے صوبائی ڈھانچے میں کوئی بھی تبدیلی اب جنید اکبر کی صوابدید پر ہے۔
بدعنوانی کے الزامات کے بارے میں خدشات کو دور کرتے ہوئے، عاطف خان نے کہا کہ بانی نے ان دعووں کی تصدیق کی اہمیت پر زور دیا۔
سابق وزیر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے بانی نے کہا کہ اگر وزراء کے خلاف الزامات درست ثابت ہوئے تو انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا‘۔
یاد رہے ہفتے کے روز بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو کے پی کی صدارت سے ہٹاتے ہوئے جنید اکبر کو عہدہ دے دیا تھا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ "گنڈا پور اطمینان سے اپنی پارٹی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے، ان کی درخواست پر پی ٹی آئی کے بانی نے انہیں پارٹی آفس سے فارغ کر دیا ہے۔”