اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوتے ہی حسین نواز کی حالات خراب ہوگئی کیوں ان جیسے لوگ قانون کے سامنے پیش ہونے کے عادی نہیں ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حسین نواز جیسے لوگ قانون کے عادی نہیں ہیں کیوں کہ کرپشن کے بادشاہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھ رہے ہیں ایسے لوگوں کو قانون کی گرفت میں لانےکے لیےانصاف کی تحریک ضروری تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کبھی ایسے دور سے نہیں گزرا جیسا آج ہے سیاست کا اسٹیٹس کو ایک طرف اور تحریک انصاف دوسری طرف ہے جب کہ اسٹیٹس کو یہ نظام بچانا چاہتا ہے اورتحریک انصاف ملک بچانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے آنے والے مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے درمیان ہونے والے مک مکا کا اعتراف کررہے ہیں جس سے ہمارا موقف درست ثابت ہو گیا کہ اسٹیٹس کوبچانے کے لیے نورا کشتی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور *سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان* نے آج عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔