اشتہار

بیرونی اشاروں پر نوازشریف اب فوج اورعدلیہ پرانگلیاں اُٹھا رہے ہیں، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے پورا موقع دیا لیکن وہ ثبوت نہیں دے سکے اور اب فوج اور عدلیہ پر انگلیاں اُٹھا رہے ہیں۔

وہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پورا موقع دیا گیا لیکن وہ منی ٹریل نہ پیش کر سکے اور سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے مکمل تحقیقات کے بعد انہیں نااہل قرار دیا۔

عمران خان نے کہا کہ بیرونی اشاروں پر نواز شریف دو معزز اداروں فوج اور عدلیہ پر انگلیاں اُٹھا رہے ہیں اور فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جیسا انہوں نے ڈان لیکس میں کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کے لیے طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری جانب سے شاہ محمود قریشی خود طاہر القادری کو لینے ایئر پورٹ جائیں گے۔

انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ حدیبیہ پیپرز مل کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے نیب کو چاہیئے کہ جلد از جلد اس کیس میں اپیل دائر کرے۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نااہلی کا فیصلہ شریف خاندان کے لیے پوری مسلم لیگ (ن) کے لیے نہیں ہے اس لیے ن لیگ کو شریف خاندان سے خود کو الگ کرلینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ نئی کابینہ ایک کرپٹ شخص کو تحفظ دینے کے بجائے عوام کے فلاح و بہبود کے لیے کام کرے اور پوری حکومتی مشینری کو نوازشریف کے استقبال کے لیے استعمال نہیں کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ نو منتخب کابینہ میں وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ دونوں دہری شہریت رکھتے ہیں اور ایسے لوگوں کو اتنی اہم ذمہ داریوں پر بٹھا دیا گیا ہے اس سے حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔

عائشہ گلا لئی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں اپنا موبائل فون پیش کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ الزام عائشہ گل لئی نے لگایا ہے تو ثبوت بھی وہ پیش کریں کیوں کہ بارِ ثبوت اب ان پر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں