اسلام آباد: سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کرنے کیلئے اپیل دائر کردی ہے، سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہوچکی ہے، ہائیکورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا اور الیکشن کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انتخابات قریب ہیں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی ملک کے سابق وزیر اعظم ہیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جاسکتا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ الیکشن میں حصہ لیا جاسکے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کردیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ دفتر کی جانب سے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ اپیل کے ساتھ لف کیے گئے دستاویزات نا مکمل ہیں۔ تمام متعلقہ دستاویزات کیساتھ اپیل 6جنوری تک دائرکی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اوّل کے خلاف ایک اور توشہ خانہ رنفرنس دائر کیا تھا جس کے نکات بھی سامنے آئے تھے۔
نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا تھا۔ عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کی تھی۔
ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 108 تحائف ملے جن میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے۔
بانی PTI کی توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست رد، نااہلی برقرار
نیب کے مطابق تحائف کم مالیت ظاہر کر کے رکھے گئے، ملزمان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ بھی کم مالیت پر لیا، بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ جمع نہیں کروایا۔