اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑنے پر لندن کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم کو صحت عطا کرے۔
مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کردی
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھابھی کو تشویشناک حالت کی وجہ سے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے، پورا خاندان ان کی صحت یابی کے لیے دعا کررہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں میں میرا ساتھ دیں، دعا کی طاقت لازوال ہے۔
کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا
خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز پچھلے کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیموتھراپیز کی جاچکی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ان کی متعدد بار طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے، تاہم آج دل کا دورہ پڑنے پر ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔