لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کا دن قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا اس لیے پوری قوم بھرپورتعداد میں رائے ونڈ مارچ میں شرکت کرے۔
عمران خان لاہورمیں تحریک انصاف کے پنجاب آفس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے اُنہوں نے پورے ملک کی عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ رائے ونڈ مارچ میں پوری قوم کو شریک ہونا چاہیے کیوں کہ یہ دن قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔
تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کے اداروں کو کوکھلا کردیا ہے اور جب ادارے تباہ ہو جاتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتا ہے اس لیے پوری قوم سے اپیل ہے کہ ملک کو بچانے کے ہمارے ہمراہ نکلیں۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ادارے بادشاہ سلامت سے ڈرتے ہیں کہ کہیں انتقامی کارروائی نہ ہوجائے اس لیے یہ ادارے میاں برادران کے خلاف فیصلے کیسے کریں گے یہی وجہ ہے کہ ہم کرپشن کا کیس عوام کی عدالت میں لے آئے تا کہ عوام کو انصاف ملے اور ملک کرپشن سے پاک ہو۔
سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا پنجاب میں کسانوں کی گرفتاری پر کہنا تھا کہ کسان تنظیموں کے رہنما ہمارے پاس آئیں ہم کسانوں اور مزدوروں کے مسائل حل کریں گے ،ان کے خلاف ہونے والے ظلم و تشدد پرکسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
قبل ازیں عمران خان نے تحریک انصاف کے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے انصافی کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو وکلاء کارکنان کی قانونی مدد کے لیے ہروقت موجود رہیں۔