اسلام آباد : سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر کے عوام سے رائے ونڈ پہنچنے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام سے 30ستمبر کو رائے ونڈ پہنچنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ رائیونڈ مارچ کے لیے مزدوروں، کسانوں سے رابطے کریں، یہ مارچ عمران خان کے لیے نہیں بلکہ ہر اُس محکوم کے لیے ہے جو حکمرانوں کی کرپشن کی زد میں ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ سلسلہ رائیونڈ مارچ پر ختم نہیں ہوگا اگر حکومت نے رائیونڈ مارچ برداشت کرلیا تو ہم آئندہ کی حکمتِ عملی تیار کریں گے، یہ وقت اداروں میں کرپٹ افسران جو قوم کے لیے نہیں بلکہ حکمرانوں کے لیے کام کرتے ہیں اُن کے خلاف جہاد کا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر ن لیگ کے چند مسٹنڈوں کو دیکھا جو ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کو قیمے والے نان کھلائے گئے تھے وہ تو اپنے ہوش میں ہی نہیں تھے۔
مجھے یہ سین دیکھ کر وہ رنگ باز یاد آگئے جو میرے ساتھ میچ شروع ہونے پر کہتے تھے کہ میں متھا رنگ دونگا میں اکیلا ہی کافی ہوں لیکن جب میچ شروع ہوتا تھا تو سب سے پہلے یہ رنگ باز ہی بھاگتے تھے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان سے یہ سوال کرتا ہوں کہ جب مشرف نے دھکے مار کر واپس بھیجا تھا تو یہ رنگ باز کہاں تھے۔ سب اپنی دمیں دبا کر اپنے بلوں میں گھس گئے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف باہر چلا گیا ہے اور شہزادی نے ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس سنبھال لیا۔ مریم نواز تو ٹی وی پر جھوٹ بولتے پکڑی گئی۔ حمزہ شہباز پنجاب میں قاتلوں کی سرپرستی کر رہا ہے وہ اپنے باپ کی غیر موجودگی میں وزیراعلیٰ بن جاتا ہے۔