فیصل آباد: تحریک انصاف کاحقیقی آزادی مارچ آج روات پہنچے گا، جہاں شاہ محمود اور اسد عمر کی قیادت میں دو مختلف روٹس پرلانگ مارچ آج اکٹھے ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔
تحریک انصاف کا لانگ مارچ دوسرے مرحلے کے دسویں روز میں داخل ہوگیا ہے، 11 نومبر کو اسد عمر کی قیادت میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لانگ مارچ کے ایک روٹ کا آغاز کیا گیا جو 8 دن کے بعد کل چکوال پہنچا تھا۔
تحریک انصاف ذرائع کے مطابق چکوال کے بعد لانگ مارچ کارواں کی شکل میں نہیں جائے گا، کارکنوں کو روات از خود پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس لے علاوہ پولیس نے حقیقی آزادی مارچ کے لئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی، سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
مارچ کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا ، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے 500 اور 122 کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔
سیکیورٹی کے لئے 38 ایلیٹ فورس اہلکار،91 خواتین اور ایک ہزار 94 ٹریفک اہلکار و دیگر تعینات ہوں گے جبکہ پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے اہلکار اسٹینڈ بائی رہیں گے۔