بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

عمران خان کا بڑا فیصلہ: سینیٹ الیکشن میں بکنے والے20اراکین کے نام بتا دیئے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بیچنے والے پی ٹی آئی کے بیس ارکان کے نام بتادیئے، ان کا کہنا ہے کہ ان افراد کو شوکاز دے رہے ہیں،اگر انہوں نے وضاحت نہ دی توان کے نام نیب کو دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے سینیٹ الیکشن میں پیسہ لینے والے بیس ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا، اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جن پارٹی اراکین نے اپنے ووٹ بیچے ہیں ہم ان کو شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں اور ان سے جواب طلب کر رہے ہیں اور اگر انہوں نے جواب نہیں دیا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا اور قانونی کارروائی کیلئے ان کے نام نیب کو بھی بھجوائیں گے.

جن اراکین کو شوکاز نوٹس دیا گیا ہے ان میں نرگس علی ،دینا ناز ،فوزیہ بی بی، نسیم حیات اورنگینہ حیات شامل ہیں جبکہ مردوں میں بابر سلیم ،سمیع اللہ زیب، یاسین خلیل، امجد آفریدی، قربان خان، زاہد درانی، سردار ادریس، عبید مایار، عبدالحق، جاوید نسیم، معراج ہمایوں، عارف یوسف، فیصل زمان، سیمی علی زئی اور وجیہہ الزمان شامل ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں تیس چالیس سال سے ووٹ بکتا رہا ہے،اس معاملے پر کوئی پارٹی ایکشن نہیں لیتی تھی، میں نے ووٹ بیچنے والے اپنے ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا تھا، پہلا قدم اٹھایا ہے، اس سے ہماری پارٹی کو بھی نقصان ہوگا،,ضمیر فروشوں کو پارٹی سے نکالنا ووٹ کا تقدس ہے دیگر پارٹیاں بھی ہمت کریں.

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے لے کر بکنے والوں کی تحقیقات کیلئے  ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، جو لوگ ملوث تھے اس میں سے کئی نام ہمیں شروع میں ہی مل گئے تھے، چاہتے تھے کہ پوری تحقیقات کے بعد نام سب کےسامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سسٹم کی خرابی ہے کہ ووٹ کیلئے رشوت لینے پر کوئی پکڑ نہیں ہوتی، پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ الیکشن کے طریقہ کارکو تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری تجاویز کو نظرانداز کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے جو اراکین اسمبلی نہیں بکے ان کو داد دینا چاہتاہوں، پارٹی کے دیگر اراکین کو سینیٹ الیکشن میں4،4کروڑ روپے کی آفرز کی گئیں لیکن انہوں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔  

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں