اتوار, دسمبر 8, 2024
اشتہار

میچ ختم نہیں ہوا، اب آصف زرداری کی باری ہے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ اپنے سامنے زندہ قوم کو دیکھ رہاہوں، پانامہ کیس کا فیصلہ تو ہو چکا ہے لیکن ابھی یہ میچ ختم نہیں ہوا، اب آصف زرداری کی باری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ پی ٹی آئی کے یوم تشکر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اسٹیج پر شاہ محمود قریشی، پرویزخٹک، جہانگیرترین، شیخ رشید چوہدری سرور اور شفقت محمود ودیگر اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔

جلسہ کے آغاز پر پاناماکیس سے متعلق پی ٹی آئی کی جدوجہد پرمبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی، عمران خان نے جلسے میں شریک خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین ملک کو عظیم بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، دھرنے سے لےکراب تک خواتین نے ہمارابھرپور ساتھ دیا، پاکستان کی خواتین جانتی ہیں ان کے حقو ق کیا ہیں؟

- Advertisement -

عمران خان نے کہا کہ جب خواتین جاگ جاتی ہیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا، شوکت خانم عظیم ماں اورسیاسی خاتون تھیں، میری والدہ کوعوام کےحالات دیکھ کر تکلیف ہوتی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ جےآئی ٹی ارکان مافیا کےدباؤ کو بھی خاطرمیں نہ لائے، جے آئی ٹی ارکان کو خریدنےکی کوشش کی گئی ہوگی، جے آئی ٹی اراکین اور سپریم کورٹ کے ججزکی جتنی تعریف کی جائےکم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشروں کی بنیادیں سڑکیں اور انڈر پاس بنانے سے نہیں رکھی جاتیں بلکہ سب سے اہم بنیاد انصاف کی بروقت فراہمی سے رکھی جاتی ہیں۔ نواز شریف ایک مافیا کا نام ہے، سپریم کورٹ نے طاقتو ر کے خلاف فیصلہ دے کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔

دو نومبرکو ہم سڑکوں کے بجائے سپریم کورٹ جانےکا فیصلہ کیا، سپریم کورٹ کے ججز نے ہم سے کہا کہ معاملہ عدالت لے کرآئیں، سپریم کورٹ جانے پر ہم پر تنقید کی گئی، ہمارےسیاسی کزن طاہرالقادری نے بھی کہا کہ عدالت جاکرغلطی کی، سب کا خیال تھا کہ ہماری عدالتیں کمزور ہیں، عدالتوں کی تاریخ ہے کہ وہ طاقتور کے خلاف فیصلے نہیں دیتی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے بعد آصف زرداری اب تمہاری باری ہے، فضل الرحمان ہم تمہیں بھی نہیں چھوڑیں گے تمہارے پیچھے بھی آؤں گا، شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کا بھی احتساب کروائیں گے۔ خاقان عباسی ، شہبازشریف ہمارا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہوجاؤ۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانو! تم عمران خان سے بڑے انسان بن سکتے ہو، ہر انسان کو اپنے اندر کی طاقت ڈھونڈنی ہوتی ہے، مشکل وقت میں کھڑا ہوکر انسان اور بڑا ہو جاتا ہے، پانامہ کیس کا فیصلہ تو ہو چکا ہے لیکن ابھی یہ میچ ختم نہیں ہوا آخری گیند پر میچ ختم ہوتا ہے۔

نئے پاکستان کا میچ ہم جیت گئے ہیں، نئے پاکستان میں ایک دن آئےگا زکواۃ دینے کیلئے لوگ نہیں ملیں گے، ایساتعلیمی نظام چاہتےہیں جس میں بچوں کوبہترین سہولتیں ملیں، مغربی ممالک کی طرح یہاں بھی بہترین طبی سہولتیں چاہتےہیں، پانا ما فیصلے پر اوورسیز پاکستانی سب سے زیادہ خوش ہیں، ایساقانونی نظام چاہتے ہیں جس میں سب کے ساتھ برابری کاسلوک ہو۔

انشااللہ پاکستان تحریک انصاف کی باری ضرورآئے گی، عمران خان نے اعلان کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم جو نیب بنائیں گے وہ کسی کو نہیں چھوڑے گے، نئے پاکستان میں جو قانون توڑے گا اسے سزا ملے گی، پی ٹی آئی کا رکن جو کرپشن کرے گا تو اس کا میں ذمہ دار کہلاؤں گا۔

پیسے جب اکٹھے ہوں گے، جب مضبوط ایف بی آر بنے گا، تو ٹیکس نہ دینے والے بڑےمگرمچھ بھی بچ نہیں سکیں گے، عوام بھوکے رہیں اور وزیراعظم ہاؤس کا یومیہ خرچہ 45 لاکھ روپے تھا، ایسا نہیں ہوگا کہ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے محروم رہیں اور حکمران عیاشی کریں۔

انہوں نے کہا کہ گورنرہاؤس کو پبلک ویلفیئر بلڈنگ میں تبدیل کردیں گے، پشاور گورنرہاؤس کو خواتین پارک سے بدل دیں گے۔

انہوں نے عہد کیا کہ عمران خان نہ جھکا ہے اور نہ ہی قوم کو کسی کےسامنےجھکنےدے گا، پاکستان کو اپنے پیروں پرکھڑا کروں گا،قوم کو کسی کے سامنےجھکنے نہیں دونگا، گورننس کا نظام بہترکریں گے،ادارے مضبوط کریں گے، کرپشن کا خاتمہ اور باہر سے سرمایہ کاری لاکر دکھاؤں گا۔ اوورسیز پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں، ہمیں کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میرٹ کا نظام لے کر آئیں گے، ہمارے دور اقتدار میں تمام نوکریوں پر تقرری میرٹ پر این ٹی ایس کے ذریعے ہوگی۔


پاکستان بدلنے والا ہے ،روک سکو تو روک لو، مراد سعید

اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی سے نکل کر کسی نے تکبر سے کہا تھا کہ روک سکو تو روک لو تو ہم نے روک کر دکھا دیا، ہم نے کرپٹ وزیراعظم کو عہدے سے اتار کر دکھا دیا، ہم نے حکمران خاندان کو روک کردکھا دیا۔

مراد سعید نے کہا کہ اب پاکستان بدلنے والا ہے ،روک سکتے ہو تو روک لو۔مرادسعید نے مزید کہا کہ ایک کرپٹ کے بعد دوسرا وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی آرہا ہے، ہم عہد کرتےہیں چور اورڈاکو حکمراں خاندانوں کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  ایک چور دوسرے چور سے محبت کرتا ہے، جلسے میں سپریم کورٹ اورجے آئی ٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔


نواز شریف مظلوم شکل بنا کر قوم کو بیوقوف بناتے ہیں، اسد عمر

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف اتنی معصوم شکل بنا کر عوام کو بے وقوف بناتے ہیںکوئی شخص مظلوموں والی شکل بنا کر نوازشریف جیسا جھوٹ نہیں بول سکتا، میاں صاحب نے معصوم شکل بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اسدعمر نے کہا کہ چار فلیٹوں سے بات نکل کر چار اقاموں تک پہنچ گئی، لوگ اقامہ لوٹ مار کے پیسے کو چھپانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، سپریم کورٹ اتنی بھولی نہیں کہ اس کو کچھ پتہ نہیں، اسی لئے اس نے میاں صاحب کو گھیسٹ کر باہر نکال دیا۔

سپریم کورٹ نے آپ کی چوری نہیں ڈاکا پکڑا ہے، اقامہ چوری کا پیسہ چھپانے کیلئےلیا گیا تھا، یہ لوگ چوری کا پیسہ باہر ممالک میں چھپانے کیلئے اقامے کا استعمال کرتے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ مریم بی بی آپ نے جے آئی ٹی کے باہر ٹھیک ہی کہا تھا کہ لوگ اتنے بے وقوف نہیں ہیں۔

، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں نوازشریف جائے گا تو ترقی رک جائے گی، نوازشریف نےملک کوقرض کی دلدل میں دھکیل دیا۔


شہباز شریف براد ر یوسف ثابت ہوگا، شیخ رشید

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ آج بہت بڑا دن ہے، دھوکے باز اور ملک دشمن کیخلاف فتح ملی، مجھے نواز شریف نے تین بار کہا تھا کہ شیخ رشید اسمبلی میں نہیں ہوگا لیکن میں نے کہا کہ میں تو رہوں گا تم اسمبلی میں رہو گے وہ آج سچ ثابت ہوگیا۔

پہلے نوازشریف کو صدر نے نکالا، پھر ایک آرمی چیف نے نکالا مگر اس کو تسلی نہیں ہوئی اور اب سپریم کورٹ کے پانچ معزز جج صاحبان نے باہر نکال دیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں اس خاندان میں کونسی سیاسی فنی خرابی ہے، سولہ سال کی عمرمیں شناختی کارڈ نہیں بنتے، ان کے بچے کروڑ پتی بن جاتے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ کلنٹن نے ان کو پانچ بلین ڈالرکی پیشکش کی میں کہتا ہوں یہ منہ اورمسورکی دال؟

میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ 2017 نوازشریف کا آخری سال ہوگا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف براد ر یوسف ثابت ہوگا، شہبازشریف تمہارے خلاف کل حدیبیہ کا ریفرنس دائر ہوجائیگا، حدیبیہ کیس آیا تو لوگ پاناما کیس کو بھول جائیں گے، اس کے بعد یہ دونوں بھائی جیل میں ہونگے، جیل میں ہم ان کو اے کلاس دینگے کیونکہ ہم ظالم نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا فیصلہ مشرف کے دور میں ہوا تھا، یہ کیوں کریڈٹ لیتےہیں؟ اس معاہدے میں میں بھی شامل تھا، پوری قوم سی پیک کے ساتھ ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، انہوں نے بتایا کہ ایٹمی دھماکا راجہ ظفرالحق ، گوہرایوب اور میں نے کرایا تھا۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے منی لانڈرنگ کے لئے اسحاق ڈار کو اپنے ساتھ ملایا اس لیے میں اسحاق ڈار کو اسحاق ڈالر ہی کہوں گا، عوام چور سے چور کی تبدیلی نہیں چوکیدار کی تبدیلی چاہتے ہیں، سیف الرحمان نے آکر انہیں کہا کہ شاہد خاقان کو وزیراعظم بناؤ۔

انہوں نے قطر سے گیس کے معاہدے کر رکھے ہیں، قطرکی گیس لائن میں انہوں نےکمیشن کھایا، بیس کروڑعوام کا مطالبہ ہے کہ بتاؤ قطرسے معاہدہ کہاں ہے؟

شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا کی نظراسلام پر کم اوراسلام آباد پرزیادہ ہوتی ہے، مولانا فضل الرحمان تم نے ہمیشہ اقتدار کو ترجیح دی۔

نوازشریف نےکہا تھا کہ مجھے نکالا گیا تو ہمالیہ بھی روئے گا، لیکن جب نوازشریف کو نکالا گیا تو ایک مچھر تک نہیں مرا، اور نہ ہی کوئی مکھی روئی۔


شریف خاندان کے پاس اڈیالہ جیل کے سوا کوئی جگہ نہیں، پرویز خٹک

خیبر پخنونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاناما فیصلے پرسپریم کورٹ، جےآئی ٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ڈاکوؤں سے آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں جو مقدمات اب کھلنے والے ہیں اس سے شریف خاندان کی نیندیں اڑ جائیں گی۔ اب اڈیالہ جیل جانے کے سوا ان کے پاس کوئی راستہ نہیں، جب تک اڈیالہ جیل بھرے گی نہیں ہمیں سکون نہیں آئےگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب سے بڑی مبارکباد چیئرمین پی ٹی آئی کو دیتے ہیں، کیونکہ عمران خان ایسے ایسے کمالات کرتے ہیں ہم سوچتے رہ جاتے ہیں، عمران خان پاناما کے معاملے پرڈٹ کر کھڑے رہے، انہوں نے کہا کہ جب شریف خاندان سے منی ٹریل پوچھی جائےگی توانہیں بتانا پڑے گی، اگر آپ منیٹریل نہیں دیں گے تو اڈیالہ جیل تیار ہے۔

خان صاحب نےان لوگوں کی نیندیں حرام کردیں، پرویزخٹک کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے کہا تھا کہ پرویزخٹک نے اسلام آباد پر چڑھائی کی، میں کہتا ہوں کہ کیا پاکستان اوراسلام آباد تمہارے باپ کا ہے؟ اسلام آباد آپ کا نہیں، ہم جب چاہیں گے آئیں گے،روک کر دکھاؤ۔

نواز شریف کو عدالت سے شکست ہوئی،اب عوامی عدالت میں شکست دینا آپ قوم کام ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ جب میں اسلام آباد آیا تو شہبازشریف نے فون کیا، میں نے شہبازشریف کو کہا وہ دن ضرور آئے گا جب تم پر بھی آنسو گیس کی شیلنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہم لاہور میں شہباز شریف کو شکست دیں گے، نوازشریف تو گئے، اب شہبازشریف جانے والے ہیں، ہمارا آپ کے ساتھ مقابلہ ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ آپ توچورہیں، ایک طرف چور اور دوسری طرف ایک ایماندار لیڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ سڑکوں پر نکلیں پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے، چور اور ڈاکوؤں کا عمران خان سے مقابلہ نہیں ہوسکتا۔


گونواز گو کانعرہ بلند کیا تھا جو آج پورا ہوگیا، شاہ محمود قریشی

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دو نومبر کو قوم نے پیغام دیا، گونواز گو کانعرہ بلند کیا تھا جو آج پورا ہوگیا، رب کائنات کے شکرگزارہیں کہ اس نے یہ شام نصیب کی، ہم نے پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کے سامنے فریاد رکھی، سڑکوں سے نکل کر سب سے بڑی کچہری میں چلے گئے۔

کارکنان نے پنجاب حکومت کی بربریت برداشت کی، جب ہم سپریم کورٹ جارہے تھے تو قانونی ماہرین نے نہ جانے کا مشورہ دیا، سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان اور جے آئی ٹی کے بہادر ممبران کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ملکی تاریخ میں اہم کارنامہ انجام دیا۔

سپریم کورٹ کے شکرگزار ہیں، انہوں نے کہا کہ میری آنکھ دوردور تک نوازشریف کو جاتا اورعمران خان کوآتا دیکھتی ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جلسہ گاہ میں آنے سے پہلے میں چھوٹے خواجہ کی پریس کانفرنس دیکھ رہاتھا۔

چھوٹا خواجہ پریس کانفرنس میں کہہ رہاتھا کہ پی ٹی آئی والو مٹھائیاں نہ کھاؤ، ورنہ پیٹ خراب ہو جائے گا، میں کہتا ہوں خواجہ سعد رفیق کا ہاضمہ بہت اچھا ہے،اربوں روپے ہڑپ کرگئے، تم نے جےآئی ٹی کو دھمکیاں دیں، عمران خان نے خوش آمدید کہا، سعد رفیق سن لو دن کارات اور اندھیرے کا اجالے سے مقابلہ نہیں ہو سکتا، جب تم قطری سےخط لکھوا رہے تھے، کپتان نے تمہاری منی ٹریل قوم کے سامنے رکھی۔

ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں ،ہمارا دامن صاف ہے، شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ یہاں آتے وقت میں سوچ رہا تھایہ قوم یہاں کیوں آئی ہے ؟ قوم کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے تھک چکی ہے، ان سے نالاں ہے،اس لئے یہاں آئی ہے۔ قوم کو ایسا نظام چاہئے جس میں قانون کی نگاہ میں سب برابرہوں، یہ فتح قانون کی حکمرانی کی ہے،اسے مستحکم دیکھناچاہتےہیں، قوم مقروض ،غلام اورغربت میں جکڑا پاکستان نہیں دیکھنا چاہتی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں