لاہور : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر انتخاب ہی عوامی مسائل کا حل ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد کرائے جائیں، منفی پروپیگنڈا ہے کہ عثمان بزدار کے پاس اختیارات نہیں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے، ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان دار سے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں پنجاب کی مجموعی صورتحال، سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو ارکان اسمبلی کے تحفظات پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے آٹا بحران کے حوالے سے اقدامات پر بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو جلد ولیج کونسل سطح پر بلدیاتی انتخابات کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ولیج کونسل انتخاب کی تیاری کرکے الیکشن کااعلان کیا جائے، نچلی سطح پر انتخاب ہی عوامی مسائل کا حل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بااختیار ہیں، ایک منفی پروپیگنڈا ہے کہ عثمان بزدار کے پاس اختیار نہیں، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب وزیراعلیٰ کی ٹیم بن کر کام کریں گے،۔
مہنگائی کے معاملہ پر وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو حقائق منظرعام پر لانے کا ٹاسک دے دیا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ہوئی، عوام کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومتوں نے کیسے ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا۔