اسلام آباد: بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ پش اپس لگا کر حکومت کو واضح پیغام دے دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آپ کا کپتان ہار ماننے والا نہیں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج بنی گالہ کے باہر خیمہ زن کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ 50 پش اپس لگائے۔ عمران خان کے پش اپ لگانے کے بعد کارکنوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔
Regardless of anyone agreeing or not to his politics, he is a national hero of Pakistan for 92 cup. #Pushups #BaniGalaRises #BurnNawazBurn pic.twitter.com/6GDdYRumbg
— Amaan Tareen (AT) (@AmaanTareen) October 31, 2016
واضح رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں کھلاڑیوں کے میدان میں پش اپس لگانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
عمران خان نے اس موقع پر کارکنوں کو ہدایت کی کہ پہاڑی راستوں سے بھی آنا پڑے تو کارکن بنی گالہ پہنچیں۔ وہ انہیں ریلوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچنے اور گرفتار نہ ہونے کی ہدایت بھی کر چکے ہیں۔
اس سے قبل آج صبح اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد لاک ڈاؤن سے متعلق مقدمات کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف پریڈ گراؤنڈ پر دھرنا دے سکتی ہے اور اگر عوام زیادہ ہوئی تو ایکسپریس وے پر دھرنا دینے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کسی اور مقام پر دھرنا دینے کی اجازت نہیں ہے۔ عدالت نے کسی کو گرفتار نہ کرنے اور عمران خان کے پروگرام میں خلل نہ ڈالنے کا حکم بھی دیا ہے۔
دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں سے کنٹینر ہٹانے کا حکم بھی دے چکی ہے تاہم عدالتی حکم کی خلاف ورزی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور اب تک سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرلگا دیے گئے ہیں اور شیریں مزاری سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو اسلام آباد میں داخلے سے روکا جارہا ہے۔