واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسدمجیدخان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا بھر میں پاکستان کمیونٹی کو متحرک کیا اور کشمیر کی تحریک میں جان ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پاکستانی سفیر اسدمجیدخان نے کہا کہ امریکی ایوان میں مسئلہ کشمیر پر بحث عمران خان کی کوششوں کا نتیجہ ہے، ان کے خطاب نے پاکستانی کشمیری کمیونٹی میں نئی جان ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں اور میڈیاانٹرویوز میں وزیراعظم نے کشمیر پر آگاہی پیدا کی، وزیراعظم کے وژن پر پاکستانی کشمیری کمیونٹی نے کوششیں کیں، کمیونٹی نے کانگریس اراکین کو کشمیر کے معاملے پر بریف کیا۔
اسدمجیدخان نے کہا کہ وزیراعظم نے امریکا میں مقیم پاکستانی کشمیری کمیونٹی کو اعتماد دیا، عمران خان نے واضح کیا مسئلہ کشمیری امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، امریکی ایوان کو کشمیر کی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خارجہ کمیٹی کی کارروائی سے بھارت کے جمہوری تاثر پر دراڑیں پڑیں، کشمیریوں کے حقوق ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی، بھارت جارحیت کی باتیں کر رہا ہے جبکہ پاکستان امن کی۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے مثبت اثرات آنا شروع
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ایوان میں ثابت ہوا کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، امریکی ایوان نے بھارت میں اقلیتوں کی حالت زار پرسوالات اٹھائے ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی میں وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران امریکی بزنس ایگزیکٹو کے وفد سے ملاقات کی تھی ، جس میں وزیراعظم نے وفد کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔