اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تبادلوں کا تسلسل ہے۔
دورے میں باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر مشاورت ہوگی، وزیر اعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل15اکتوبر کو وزیر اعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ دورہ سعودی عرب کے بعد وزیر اعظم 17 اور 18 دسمبر کو مہاجرین پر کانفرنس کے لیے جنیوا جائیں گے، یو این ایچ سی آر اور سوئس حکومت مشترکہ میزبانی کریں گے۔