پیر, مارچ 17, 2025
اشتہار

فوج نے مصالحتی کردار ادا کر کے ملک کو بڑے انتشار سے بچایا، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فیض آباد دھرنے کے شرکاء سے فوج نے مصالحت کرا کے ملک کو انتشار اورافراتفری سے بچا لیا ورنہ نااہل حکومت نے اپنے ہی لوگوں کی لاشیں گرانے کا پورا انتظام کرلیا تھا.

وہ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، عمران خان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے اختتام سُن کر شکرانے کے نفل ادا کیے تھے کیوں کہ ملک میں تصادم کی فضا قائم ہو چکی تھی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا.

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک کو بڑی تباہی سے بچالیا ہے جس پر حکومت کو فوج کا شکر گذار ہونا چاہیئے تھا لیکن حکومت کا منصوبہ کچھ اور تھا جسے پاک فوج نے ناکام بنایا تو حکومت نے فوج کو بدنام کرانے کے لیے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو متحرک کردیا جو کہ نہایت شرمناک حرکت ہے.

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ موجودہ صورت حال سے نکلنے کا واحد حل صرف قبل از وقت انتخابات ہیں اور حلقہ بندیوں کا معاملہ کون سا ہاتھی ہے جس کو درست نہیں کیا جاسکتا؟ برطانیہ میں بھی 2 مرتبہ قبل از وقت انتخابات ہوئے ہیں لیکن موجودہ حکومت ہی اس وقت جمہوریت کو کمزور کر رہی ہے.

عمران خان نے کہا کہ نااہل وزیراعظم کو 40،40 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جارہا ہے جس شخص نےعوام کا پیسہ چوری کیا اس کو سرکاری پروٹوکول مل رہا ہے تو دوسری جانب دو اہم محکمے رکھنے والے خواجہ آصف کو اقامہ کے ذریعے 17 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ مل رہی تھی.

اسی طرح احسن اقبال کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے اور وزیراعظم شاہد خاقان ایک نااہل شخص کو پروٹوکول دینے میں مشغول ہیں جس کی وجہ سے پوری حکومت مفلوج ہو چکی ہے اور ملکی معاملات ٹھپ ہو چکے ہیں اس لیے حکومت کو فوری طور پر مستعفی ہو کر قبل از انتخابات کروانے چاہیئے.

انہوں نے عاصمہ جہانگیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں پر ہماری ہیومن رائٹس کی ملکہ ایک لفظ نہیں کہتی ہیں حالانکہ لبرل کا مطلب انسانیت سے محبت اور جنگ سے نفرت کرنا ہوتا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی کھل کر مذمت کرنا ہے لیکن کچھ لوگ ڈرون حملوں پر خاموشی اختیار رکھتے ہیں.

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں