تازہ ترین

میرے فون ٹیپ ہو رہے ہیں، لانگ مارچ کے معاملات خفیہ رکھوں گا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے فون ٹیپ ہو رہی ہیں جس کی وجہ وہ لانگ مارچ کے معاملات خفیہ رکھیں گے۔

نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کی محفوظ لائن ٹیپ کی گئی پھر لیک گئی یہ بڑا سکیورٹی بریچ ہے، شہباز شریف تو بہت سی اور بہت اہم باتیں کرتا ہے، یہ باتیں ہمارے دشمن کے پاس بھی جا رہی ہوں گی۔

سائفر سے متعلق عمران خان نے کہا کہ سائفر کی کاپی عارف علوی نے چیف جسٹس کو بھجوائی، اس کی ماسٹر کاپی دفتر خارجہ میں ہے، یہ لوگ ماسٹر کاپی سے متعلق دفتر خارجہ سے تو پوچھ لیں۔

عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ حقیقی آزادی کی تحریک کا ایک حصہ ہے، ان شاء اللہ کال دوں گا تو تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اگر تباہ کرنا ہے تو انصاف ختم کر دیں، آج یہ قوانین پاس کرا کر 1100 ارب کی چوری کا معاف کرا رہے ہیں، آج پاکستان میں وائٹ کالر کرائم پکڑنا ناممکن ہوگیا، نواز شریف اور زرداری نے خود کو بچانے کے لیے چوری کا لائسنس جاری کردیا، کرپٹ ٹولے نے اپنی چوری بچانے کے لیے نیب قوانین کو ختم کر دیا، انہوں نے نیب قانون تبدیل کر کے خود کو این آر او ٹو دے دیا، اب پاکستان کا قانون ان طاقتور چوروں کو پکڑ ہی نہیں سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان لوگوں نے ماضی میں بھی اربوں روپے کے کیس معاف کرائے، 16 ارب کا کیس ایف آئی اے میں چل رہا ہے، 8 ارب کی ٹی ٹی کا کیس بھی نیب میں موجود ہے، قانون میں ایسی ترامیم کرالی گئی کہ باہر سے ثبوت بھی آجائیں تو قبول نہیں ہوں گے، اگر کوئی پبلک آفس ہولڈر پکڑا بھی جائے تو نیب کو ثابت کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس اطہر من اللہ اور ہائی کورٹ کی عزت کرتا ہوں، مریم نواز کے کیس میں پراسیکیوشن ان کا ساتھ دے رہی ہے، انہوں نے خود کو بچانے کے لیے نیب قانون میں ترامیم کیں۔

Comments

- Advertisement -