اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے نوازشریف نےحسب معمول کےپی حکومت کیخلاف جھوٹ بولا، نوازشریف کے تصورجمہوریت میں منتخب وزیراعظم اداروں کودھمکاسکتا ہے، ان کی پارٹی کے لوگ سپریم کورٹ پردھاوابول سکتے ہیں۔۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز نوازشریف نے جمہوریت کے بارے میں اپنے نظریات واضح کردیے، نوازشریف کے تصور میں جمہوریت میں منتخب وزیراعظم قانون سے بالاترہوتا ہے، وزیراعظم منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اوراثاثے چھپا سکتا ہے اور پارلیمنٹ کے سامنے جھوٹ بول سکتا ہے، تمام کرپشن کی اجازت ہے کیوں کہ وہ منتخب وزیراعظم ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے تصور میں جمہوریت،منتخب وزیراعظم اداروں کودھمکا سکتا ہے، جمہوریت، ججزکو پیسوں کابریف کیس دے سکتا ہے، نوازشریف کی پارٹی کے لوگ سپریم کورٹ پردھاوابول سکتے ہیں، ان سےکوئی سوال نہیں پوچھاجاسکتانہ قانون کی پابندی ضروری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف نے حسب معمول کے پی حکومت کیخلاف جھوٹ بولا، حقیقت یہ ہے کے پی میں350مائیکروہائیڈل اسٹیشنزمکمل ہوئے، نوازشریف اپنے تنخواہ داروں کو بھیج کرچیک کراسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : مسلم لیگ ن آرہی ہے اور لاڈلے کی چھٹی ہونے والی ہے، نواز شریف
یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق نااہل وزیر اعظم نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوالات کیے کہ ’کہاں ہیں وہ درخت، ڈیم، اسپتال، اسکولز جن کا وعدہ کیا تھا، پشاور کے عوام اچھی طرح سے لوگوں کا چہرہ پہچان چکے اس لیے اب کہتا ہوں کہ مسلم لیگ ن آرہی ہے اور لاڈلے کی چھٹی ہونے والی ہے‘۔