راولپنڈی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی جیت سے تین یادیں وابستہ ہیں پہلی وہ خوشی جو پاکستانیوں کے چہرے پر دوبارہ کبھی نہیں دیکھی دوسرے جب ٹیم فیصلہ کرلے کہ ہار نہیں ماننی تو اسے کوئی ہرا نہیں سکتا اور تیسرا اگر ورلڈ کپ نہیں جیتتے تو شوکت خانم کینسر اسپتال کا قیام ممکن نہیں ہوپاتا۔
وہ ورلڈ کپ کی جیت کی سلور جوبلی کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں قوم سے مخاطب تھے عمران خان نے کہا کہ اس بات پر انتہائی ہے کہ اپنا آخری میچ فتح مند ہو کر کھیلا اور پاکستان کو ورلڈ چیمپئن بنایا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ اس دن کی مناسبت سے یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا پورا اسٹیڈیم برطانیہ کی ٹیم چھوڑ کر پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھڑا تھا کیوں کہ ہم نے ناممکن کو ممکن بنادیا تھا۔
اسی سے متعلق : پاکستان کو کرکٹ کا چیمپئین بنے 25 سال مکمل
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے بس انفرا اسٹریکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس کے بعد دوسرا ورلڈ کپ لانا ناممکن نہیں رہے گا۔
واضح رہے پچیس سال قبل 1992 میں عمران خان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کردی تھی اس ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوتی نظر آرہی تھی مگر قوم کی دعاؤں اور جاوید میاں داد و انظمام الحق کی عمدہ بلے بازی، وسیم اکرم کی بہترین بولنگ اور عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث جیت اپنے نام کی۔