اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کےچیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاق میں ہماری حکومت آئی تو کرپشن سے پکڑا تمام پیسہ تعلیم پرخرچ کریں گے۔ میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا حکومت نے 40ہزاراساتذہ میرٹ پربھرتی کئے، سیاسی بھرتیاں اور کوٹے پر اساتذہ کو بھرتی نہیں کیا گیا، ایم این اے بنا تو چائے والے نے کہا مجھے ٹیچر بھرتی کرادیں، خیبر پختونخوا حکومت نے سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پرخرچ کیا، پختونخوا حکومت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انگلش میڈیم اسکول صرف اعلیٰ تعلیم کے لئے ہونا چاہئے، لوگوں کو معاشرے کے مطابق تعلیم دی جانی چاہئے، اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوگا کہ اساتذہ سفارش پر بھرتی ہوں، سیاسی بنیادوں پر بھرتی کچھ اساتذہ بیرون ملک کام کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مدرسے کے ٹیچرز کو ٹریننگ دینے کی بات کی تو ملک میں شور مچ گیا، ہمیں تعلیم کو ترجیح دینا ہوگی، اس پرپیسہ خرچ کرنا ہوگا، حکومت میں آکر کرپشن سے پکڑا گیا پیسہ تعلیم پر خرچ کریں گے۔
مزید پڑھیں : پہلی بار خیبر پختونخواہ میں غیر حاضر اساتذہ کو سزا دی جا رہی ہے، عمران خان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ سوا 2کروڑ بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں، نوجوان اس لئے بے روزگارہیں کیوں کہ انکواچھی تعلیم نہیں ملتی، بدقسمتی سے جان بوجھ کرملک میں تعلیم کونظرانداز کیا گیا، خیبرپختونخوا میں بننے والے 70فیصدادارے خواتین کے لئے ہیں، میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے لئے زیاہ سے زیادہ وسائل استعمال کرنے چاہئیں، انگریزی کے ذریعے بچوں کو اپنے کلچر سے دور نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نمل یونیورسٹی میں 75 فیصد بچے اردو میڈیم سے آتے ہیں، نمل یونیورسٹی میں اردو میڈیم سے آنے والے بچوں کا کردار متاثرکن ہے۔