پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے پارٹی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے ملاقات کی۔
فواد چوہدری کی اہلیہ نے عمران خان کو کیس میں پیشرفت اور شوہر کے ساتھ پولیس کے رویے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پوری جماعت فواد چوہدری کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی ہر ممکن کوشش کے ذریعے ضمانت کرائی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ’فواد چوہدری کے ساتھ ہونے والے غیر قانونی اور ناروا سلوک اور فیملی کے ساتھ ملاقات نہ ہونے دینا قابل مذمت ہے۔ فواد چوہدری اور ان کے خاندان نے مشکل وقت میں بہادری کا مظاہرہ کیا۔‘
قبل ازیں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حبا فواد کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں انہوں نے میری بات سنی۔
حبا فواد کا کہنا تھا کہ شوہر کو دہشت گردوں کی طرح عدالت میں لایا جاتا ہے،ان سے ان کی بچیوں کو نہیں ملنے دیا جا رہا، فواد چوہدری کے ساتھ ہونے والے سلوک سے عمران خان کو آگاہ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان فواد چوہدری کے ساتھ ناانصافی کا نوٹس لیں، اس وقت انہیں کہا رکھا گیا ہے مجھے نہیں پتا، جب تک سرچ وارنٹ اور لیڈی پولیس نہیں ہوگی کوئی گھر میں داخل نہیں ہو سکتا۔