اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم وہ کام کر رہے ہیں جو ریاست کو کرنا چاہیے، عوام کی زندگی بہتر اور آسان بنانا ریاست کا کام ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پیسے والے لوگوں کے لیے ایک اور عوام کے لیے دوسرا پاکستان ہے، عوام کو ہر قسم کی مشکلات ہوتی ہیں مگر ریاست غائب ہوتی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اب کوئی بھی شہری ایک نمبر پر کال کرے گا اور ریاست رسپانس کرے گی، ایمرجنسی لائن میں تمام صوبوں کی کوآرڈینیشن اور حمایت درکار ہوگی، بدقسمتی سے 18ویں ترمیم کے بعد وفاق اور صوبے الگ الگ کھڑے نظر آتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی مجھے سب سے زیادہ خوشی ہے یہ فلاحی ریاست کا کام ہے، صوبائی حکومت کے تعاون کے بغیر ہیلتھ کارڈ ایشو نہیں ہوسکتا، سندھ کے سوا پورے پاکستان کو اب 10 لاکھ کی ہیلتھ کوریج مل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کا نیٹ ورک پاکستان میں پھیلتا جا رہا ہے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کسی بھی پرائیوٹ اسپتال سے بھی علاج کرایا جاسکتا ہے، 75 سال بعد تعلیم کے نظام کو یکساں نصاب دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ سے پہلے عام شہری نجی اسپتال سے علاج نہیں کرا پاتا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نجی اسپتالوں میں زیادہ تر پیسے والے لوگ جاتے ہیں، کمزور طبقے کو اٹھانے کے لیے احساس ہنرمند پروگرام لائے، 5 لاکھ بلاسود قرض اور ایک ہنرمند تعلیم کا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس سسٹم بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ عام آدمی کو حکومت وکیل کر کے دے، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا وژن ہے۔