لندن:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 29 اپریل کو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ لاہور کے مینار پاکستان پر کریں گے، ہم نے ایک دن رائیونڈ جلسہ کیا تھا جس کی گونج "مجھےکیوں نکالا” کی صورت میں اب بھی سنائی دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کےحالات ایسے ہیں کہ ملک سے زیادہ دیر باہر نہیں رہ سکتا، برطانیہ دورے کا بنیادی مقصد نمل یونیورسٹی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ادارے تباہ کر کے کرپشن کی راہ ہموار کی گئی، شریف خاندان نے ملک کے پیسے لوٹ کر اپنے جائیداد بنائے، ملک جس صورت حال سے گزر رہا ہے اس کی ذمہ دار یہاں کے کرپٹ حکمران ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نجی دورے پر لندن روانہ
سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ٹھیک کرنا کوئی راکٹ سائنس نہیں، سچی نیت اور صدق دل کے ساتھ کام کیا جائے تو ملک کا نظام ٹھیک کر سکتے ہیں، لٹیروں اور کرپٹ مافیا کا خاتمہ کر دیں گے، پاکستان میں ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے ادارے مضبوط کرنے ہوں گے۔
چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیں گے: عمران خان
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس اداروں کی حالت درست کرنے خود باہر نکلے ہیں، اور انہوں نےخیبر پختونخوا میں گڈ گورننس کی تعریف بھی کی ہے جبکہ پی ٹی آئی اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کےحق کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔