اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور شیر افضل مروت کی دھاندلی کے خلاف درخواستیں سماعت کیلیے منظور مقرر کر دیں۔
سپریم کورٹ نے درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواستوں کو نمبر لگانے کا حکم دے دیا۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ آئندہ سماعت پر وکلا تیاری کر کے پیش ہوں۔
اس پر وکیل شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ انتظامی سائیڈ پر جوڈیشل اعتراضات کا کوئی جواز نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات میں دھاندلی پر الیکشن ٹریبونل میں پہلی پٹیشن دائر
وکیل شیر افضل مروت کی استدعا منظور کرتے ہوئے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
مارچ 2024 میں عمران خان نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت عظمیٰ سے جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی تحقیقات کرنے کی استدعا کی گئی۔
عمران خان نے یہ درخواست سینیئر وکیل حامد خان کی معرفت دائر کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں جیتنے والوں کو فراڈ نتائج سے ہرانے کی تحقیقات کی جائیں اور دھاندلی کی تحقیقات کیلیے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل ایسا کمیشن بنایا جائے جو کوئی تعصب نہ رکھتا ہو۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کرنے کی استدعا بھی کی گئی تھی۔