منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

شریف اور زرداری ملک کیلئے سیکیورٹی رسک ہیں، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شریف اور زرداری کو ملک کیلئے سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پر جب مشکل آتی ہے یہ ملک سے باہر بھاگ جاتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 الیکشن مہم کے دوران جب یہاں آیا تھا تو یہاں بےروزگاری تھی، ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی تھی، ہمارے ساڑھے 3 سال میں ٹیکسٹائل انڈسٹری اٹھی اور روزگار بھی ملا۔

عمران خان نے کہا کہ بیرونی سازش کرکے امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، جس نے 4 ماہ میں ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے، ملک میں بےروزگاری بڑھ رہی ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم تو محنت کرتی ہے، لیکن تم، تمہارا بھائی اور زرداری چوری کرکے پیسہ ملک سے باہر بھیجتے ہو، بیرون ملک پاکستانی محنت کرکے پیسہ اپنے ملک میں بھیجتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے 10 بڑے ڈیمز بنائے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے 10 بلین درخت لگائے، ہمیں سیلاب سے بچنے کیلئے ڈیمز بنانے ہوں گے، پانی کو نکالنے کیلئے ڈرینج سسٹم چاہئے جو تباہی نہ مچائے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ اتوار کو سیلاب متاثرین کیلئے دوبارہ ٹیلی تھون کروں گا، سیلاب متاثرین کیلئے دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا،عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ہماری پیداوار زیادہ ہوگی تو ہماری دولت میں اضافہ ہوگا، جس سے ہم عوام کو سستا پٹرول اور ڈیزل دیں گے، تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں تاریخی ٹیکس اکٹھا کیا اور عوام کو سبسڈی دی، ہم نے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا، اب ایسی کون سی قیامت آگئی ہے کہ مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے آنے والے دنوں میں مزید مہنگائی ہوگی، حالات آگے بھی برے ہیں، آئی ایم ایف نے کہا کرپشن سے ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے، جو پاور پلانٹ دنیا میں 100 ارب کے بنے وہ پاکستان میں 130 ارب کے بنے، شریف خاندان اور زرداری خاندان 30 سال سے ملک کا پیسہ لوٹ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مشرف نے اس وقت اتنا بڑا ظلم کیا کہ ان دونوں کو این آر او دے دیا، ان پر جب مشکل آتی ہے یہ ملک سے بھاگ جاتے ہیں، پھر این آر او لیکر دوباہ ملک واپس آجاتے ہیں، شریف اور زرداری ملک کیلئے سیکیورٹی رسک ہیں اور غدار ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں