بنی گالا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کچھ لوگ چوہدری نثار سے رابطے میں ہیں تاہم میں خود چوہدری نثار سے رابطے میں نہیں ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اے آر وائی نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ چوہدری نثار سے رابطے میں ہیں تاہم ان کا چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار نے مریم نواز سے آرڈرز لینے سے انکار کیا ہے، خوشی ہے کہ ن لیگ میں سے کسی میں غیرت تھی، میرا خیال ہے کہ چوہدری نثار کے لیے پی ٹی آئی میں شامل ہونا بڑا فیصلہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: چوہدری نثارکے تحریک انصاف میں شمولیت کے امکانات، ذرائع
واضح رہے کہ ذرائع نے بتایا تھا کہ چوہدری نثار کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے اب تک دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری نثار کی شمولیت سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں میں جلسہ رکھ کر انہیں پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہنے پر بھی غور کیا جارہا تھا، اس کے علاوہ چوہدری نثار کے ساتھ ان کے ہم خیال دیگر مسلم لیگ ن کے ارکان کو بھی پارٹی میں لائے جانے کے لیے غور کیا جارہا تھا۔
خیال رہے کہ ترجمان چوہدری نثار کی جانب سے ایسی کسی بھی قسم کی خبر کی تردید کی گئی تھی، دوسری جانب پی ٹی آئی نے چوہدری نثار سے رابطوں کی تردید کی تھی، ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی وفد کی چوہدری نثار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ جانے کا کوئی ارادہ ہے۔