جمعرات, اپریل 10, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو اہم ٹاسک دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی سیاسی و حکومتی قیادت میں اختلافات ہیں، عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو اعظم سواتی اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے درمیان معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے پیٹرن ان چیف بانی پی ٹی آئی ہیں، طلال چوہدری

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صدر پی ٹی آئی کے پی جنید اکبر نے شوکت یوسفزئی سے ملاقات کے دوران انہیں دیگر قائدین سے مل کر گروپ بندی ختم کرنے کی ہدایت کی جبکہ وہ علی امین گنڈاپور اور جنید اکبر میں ملاقات کیلیے راہ بھی ہموار کریں گے۔

شوکت یوسفزئی نے جنید اکبر سے ملاقات کی تصدیق کی جس میں پارٹی امور پر بات کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کیلیے سنجیدہ اقدامات کر دیے، نہیں چاہتے اختلافات سے سیاسی جدوجہد اور مستقبل کے اتحاد پر منفی اثرات پڑیں۔

چند روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلیے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کو ٹاسک دیا ہے۔

تاہم ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا کسی کو بھی نیا ٹاسک نہیں دیا، میڈیا بغیر تصدیق خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔

بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں حکومتی امور، افغانستان اور دہشتگردی کے واقعات پر تبادلہ خیال ہوا، انہوں نے وزیر اعلیٰ کے پی کو حکومتی امور اور مجھے باقی معاملات پر ہدایات دیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ عمران خان کا مؤقف ہے اپنی رہائی اور ذاتی فائدے کیلیے کسی سے بات نہیں کریں گے، ملکی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام بانی پی ٹی آئی کیلیے سب سے مقدم ہے۔

’عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کیلیے پی ٹی آئی کو تسلیم کرنا ہوگا اور دیوار سے لگانے کی کوشش بند کرنا ہوگی، پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے اور اسے تسلیم کرنا ہوگا۔‘

اہم ترین

ضیاء الحق
ضیاء الحق
ضیاء الحق پیشے سے صحافی ہیں اور بیوروچیف اے آر وائی نیوز خیبر پختوانخواں کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں