لاہور : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے ، عدالت نے عمران خان کو پیش ہونے کی حکم دے رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، جس کے لئے سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ایڈووکیٹ اظہرصدیق کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب سے معاملات طے پاگئے، زمان پارک سے ہائیکورٹ اور گھر واپسی تک سیکورٹی کی ذمہ داری پولیس کی ہوگی۔
انھوں نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں بھی سیکیورٹی سے متعلق درخواست جمع کرادی گئی، صبح تک عدالت کی اندرونی سیکورٹی سے متعلق احکامات آجائیں گے۔
ایڈووکیٹ اظہرصدیق نے کہا ہے کہ عمران خان کی پیشی پر جاتے ہوئے جیمر گاڑی بھی ہمراہ ہوگی۔
دوسری جانب زمان پارک میں موجود پی ٹی آئی کارکنوں کا جوش عروج پر ہے، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ عدالت تک جائیں گے۔
کارکنان نے کہا تھا کہ عمران خان کی حفاظت کیلئے کسی کو بلانے کی ضرورت نہیں پڑتی،انتظامیہ کا اعتبار نہیں کپتان کو اپنی حفاظت میں لے کر جائیں گے۔
خیال رہے سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی ، جسٹس طارق سلیم شیخ عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے ، عدالت نے عمران خان کو پیش ہونے کی حکم دے رکھا ہے۔
یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدم پیشی پر حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔