اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج 4 نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ 100 دن کے ٹارگٹ میں 10 ٹرینیں چلانے کا ہدف پورا کرلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج 4 نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے، جن میں سندھ ایکسپریس ، شاہ عبداللطیف بھٹائی ایکسپریس، فیصل آباد ایکسپریس کی ملتان تک توسیع اور رحمان بابا ایکسپریس شامل ہیں۔
ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ 100 دن کےٹارگٹ میں 10ٹرینیں چلانے کا ہدف پورا کرلیں گے، سندھ ایکسپریس کراچی سے سکھر چلائی جائے گی، شاہ عبداللطیف بھٹائی ایکسپریس کراچی سے میرپور خاص چلے گی جبکہ فیصل آباد، رحمان بابا ایکسپریس پشاور سے کراچی چلائی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان ریلوے نے 24 نومبر سے 3 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا اور نئی ٹرینیں چلانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، سندھ ایکسپریس کراچی سے صبح ساڑھے 8 بجے سکھر کے لیے روانہ ہوگی اور سکھر سے صبح 11 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
کراچی سے چلنے والی دھابے جی شٹل کا روٹ میرپورخاص تک بڑھا دیا گیا، 24 نومبرسے دھابیجی شٹل کو دھابیجی سے میرپورخاص کے درمیان چلایا جائے گا، دھابیجی ایکسپریس کو شاہ لطیف ایکسپریس کے نام سے چلایا جائے گا۔
یاد رہے 2 روز قبل پاکستان اور چین میں ریلوے کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، جو خوش آئند ہیں، اس منصوبے کے بارے میں 14 سال پہلے سوچا تھا، آج خواب پورا ہوا۔
وزیر برائے ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین ایک دوسرے کی دوستی پر فخر کرتے ہیں، بدقسمتی سے ہماری ریلوے بہت پیچھے رہ گئی، اسے آگے لے کر جائیں گے، پاکستان اور چین ایک د وسرے کی دوستی پربھروسا کرتے ہیں، جلد ریلوے میں دس ہزار ملازمتوں کا اشتہار دیا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہنا تھا کہ قوم سے 100 دن میں 10 نئی ٹرینیں چلانے کا وعدہ کیا تھا جس میں سے صرف دو نئی گاڑیوں کا آغاز باقی ہے۔
رواں سال 31 اکتوبر کو صدر مملکت عارت علوی نے دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کیا تھا۔