پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

وزیر اعظم جلد استعفیٰ دینے والے ہیں: بلاول بھٹو کا عجیب و غریب دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ موجودہ حکومت ملک نہیں چلا سکتی، سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں تو مسائل کا حل نکال سکتی ہیں، وزیر اعظم جلد استعفیٰ دینے والے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں پمز اسپتال میں آصف زرداری کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں اختلافات کے باوجود مل کر کام کرنا چاہیے، امید ہے کہ دھرنے سے متعلق اے پی سی کے معاہدے پر سب قائم رہیں گے، جمہوری طریقے سے مارچ چلتا رہا تو امید ہے سب خیریت رہے گی، حکومت نے غیر جمہوری طریقہ اپنایا تو ہم بھی لائحہ عمل طے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا جمہوریت مذاق بن چکا ہے، ایسی صورت حال میں ہم احتجاج کے لیے مجبور ہیں، حکومت کے اقدامات کے پیش نظر جمہوری قوتیں بھی انتہائی قدم اٹھا رہی ہیں، ابھی تو یہ سفرشروع ہوا ہے، بہت کچھ ہونے والا ہے۔

پی پی چیئرمین نے اپنے والد کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، یہ ان کا حق ہے، انھیں جیل میں طبی سہولتیں نہیں دی گئیں، ہمیں آصف زرداری کی مکمل ٹیسٹ رپورٹ دکھائی جائیں، اس بات پر مطمئن ہیں کہ وہ اسپتال میں ہیں۔

بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا ڈاکٹرز کی جو سہولت نواز شریف کو دی گئی ہے ہمیں بھی دی جائے، ہم نے ابھی تک کوئی فیملی ڈاکٹر میڈیکل بورڈ میں شامل نہیں کیا، حکومتی ڈاکٹرز اور جیل کے ڈاکٹر پر انحصار کر رہے ہیں جو دباؤ میں آ سکتے ہیں، آصف زرداری کو طبی سہولتوں سے متعلق عدالتی حکم پر عمل ہونا چاہیے۔

انھوں نے شکوہ کیا کہ نواز شریف کو سزا ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا، آصف زرداری کے خلاف ابھی کیس چل رہا ہے پھر بھی گرفتار کیا گیا، ہم سے آئینی، جمہوری اور قانونی حق بھی چھینے جا رہے ہیں، ہماری قیادت اور ن لیگی قیادت کی جانوں کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں